(عرفان ملک)نئے سال پر ڈرائیونگ ٹکٹس ختم ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل کا حل نکال لیا گیا۔ ڈرائیونگ ٹکٹس کی جگہ ای پیمنٹ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ ،سی ٹی او منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ شہری چالان فیس کی طرح ڈرائیونگ لائسنس فیس بھی آن لائن جمع کروا سکیں گے۔
نئے سال کے ڈاک ٹکٹس جاری نہ ہونے سے شہریوں کو لرنر اور ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔سی ٹی او لاہورمنتظر مہدی کے مطابق اب اس مسئلے کا مستقل حل نکال لیا گیا ہے۔ شہری اپنے موبائل اکاؤنٹ کے ذریعے لائسنس کی فیس ادا کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر آن لائن ای پیمنٹ سسٹم شروع کر دیا جائے گا جس کے بعد شہریوں کو لمبی لائنوں سے بھی چھٹکارا مل جائے گا۔
واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز پنجاب نے بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کا آغاز کردیا،بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کا باقاعدہ افتتاح وزیر ایکسائز 13 جنوری کو کریں گے۔
صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد کاکہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز کو جدت کی راہ پر منتقل کردیا ہے،بائیومیٹرک سسٹم سے صارفین کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایکسائز دفاتر اور نادرا کے 4 ہزار ای سہولت مراکز پر بائیومیٹرک کی سہولت دستیاب ہوگی،اب گاڑیوں کی ٹرانسفر ,رجسٹریشن بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ہوگی۔
حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ بائیومیٹرک سسٹم سے ریونیو میں اضافہ ہوگا،اوپن لیٹر پر گاڑیاں کئی جگہ پر سیل ہوتی رہتی تھیں مگر ٹرانسفر نہیں ہوتی تھیں، اس سے محکمہ ایکسائز کو ریونیو کے حوالے سے کافی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا۔
اب صرف ایک120 روپے کی رقم ادا کرکے شہری اپنی گاڑی بائیو میٹرک طریقے سے ٹرانسفر کرا سکتے ہیں۔