(جنید ریاض) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے ناقص کارکردگی اور طلبا کی حاضری کم ہونے پر 110 سکولوں کے سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے، غیرتسلی بخش کارکردگی پر مذکورہ سکول سربراہان کے دوسرے سکولوں میں تبادلے کردیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے ناقص کارکردگی اور کم حاضری پر سکول سربراہان کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹ پر لاہور کے 110 سکول سربراہان کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 30 سکولوں میں اساتذہ اور طلبا کی کم حاضری پر شوکاز جاری کیے گئے ہیں اور80 سکولوں کو خراب کارکردگی پر شوکاز جاری کیے گئے۔
مذکورہ سکولوں میں گورنمنٹ ہائی سکول گورنر ہاؤس، جونیئر ماڈل سکول ملتان روڈ، ہربنس پورہ، شاہدرہ ، گڑھی شاہو، سمن آباد، رائیونڈ، ٹاون شپ ، مغلپورہ اور جلوموڑ سمیت دیگر شامل ہیں۔ ان سکولوں کی کارکردگی تین ماہ سے خراب تھی۔ شوکاز نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ آفیسر کی رپورٹ پر جاری کیے گئے۔ مذکورہ سکولوں کے سربراہان 4 دن کے اندر اندر اتھارٹی کو اپنا جواب جمع کروائیں گے۔