علی رامے: پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی نے تنخواہوں میں اضافے اور پے اسٹرکچر میں ناہمواری دور کرنے کے لیے حکومت کو باقاعدہ سفارشات ارسال کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرانزک سائنس ایجنسی نے محکمہ داخلہ پنجاب کو سمری بھجوا دی ہے جس میں پیفڈا (PEFDA) اتھارٹی کے برابر تنخواہی پیکج دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس وقت فرانزک اتھارٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) کی تنخواہ تقریباً 11 لاکھ روپے ہے جبکہ پیفڈا میں ممبر کی تنخواہ 15 لاکھ روپے تک ہے۔ اسی طرح ڈائریکٹر فرانزک کی تنخواہ 7 لاکھ 50 ہزار روپے ہے جبکہ پیفڈا ممبر 15 لاکھ روپے وصول کر رہا ہے، جسے ادارے میں نمایاں فرق قرار دیا جا رہا ہے۔
سمری میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اے ڈی جی فرانزک کی تنخواہ 11 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کی جائے۔ کوالٹی ایشورنس افسران کی تنخواہ 4 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مزید برآں فرانزک سائنٹسٹس کی تنخواہ 3 لاکھ 25 ہزار روپے اور جونیئر فرانزک سائنٹسٹس کا پیکج 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرانزک اتھارٹی میں تنخواہوں کی ناہمواری پر اصلاحات کی جائیں تاکہ ماہر اور تجربہ کار افسران کو برقرار رکھا جا سکے اور ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی مزید بہتر ہو سکے۔
اب فیصلہ حکومت کی منظوری سے مشروط ہے، جس کے بعد نئے پیکج پر عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔