سٹی 42 : پاکستان نے 9 ملکی انٹرنیشنل نیزہ بازی چیمپئن شپ میں 570 پوائنٹس کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا ، بیسٹ رائڈر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی پاکستان کے آفتاب شبیر کے نام رہا۔
لاہور میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان ، سعودی عرب ، مصر ، قطر ، ساؤتھ افریقہ ، امریکا ، ناروے ، کویت اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں اور پہلی بار 9 ممالک کی ٹیمیں ایک ساتھ پاکستان میں ایک ہی ایونٹ میں شریک ہوئیں۔ پاکستان نے 570 پوائنٹس کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ نیزہ بازی کے مقابلے میں دوسری پوزیشن مصر اور تیسری پوزیشن سعودی عرب نے حاصل کی ۔
ایکویسٹرین فیڈریشن کے صدر صاحبزادہ سلطان جتنی ٹیمز پاکستان آئی ہیں وہ یہاں سے مثبت پیغام لے کر جائیں گی اور پاکستان میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا آنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان اور دیگر قومی اداروں کی سپورٹ سے یہ کھیل مزید ترقی کرے گا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا پاکستان میں انعقاد بھی صاحبزادہ سلطان کی دن رات محنت کا نتیجہ تھا۔