سٹی 42 : چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سٹوڈنٹس تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں، ایسی مہارتیں پیدا کریں جو ملک کی ترقی میں مثبت کردار کے لیے ہوں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان بھر کے یونیورسٹی اور کالجز کے سٹوڈنٹس سے خطاب میں کیا، آرمی چیف نے اس موقع پر سٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ سٹوڈنٹس آپ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، آپ پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں، خود کو پاکستان کی ترقی کے قابل بنائیں۔
آرمی چیف نے طلبا کی تخلیقی اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی، اور ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ پاکستانی عوام، بالخصوص نوجوانوں کا پاک فوج سے ایک انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہی ہے اور رہے گی،ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔
آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ثابت قدمی اور تعاون کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سپہ سالار نے کہاکہ ہمیں ا پنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے ، پاکستان کے آئین کا آغاز بھی اِنَّ الحکم اِلَّاللّٰہ (حاکمیت صرف اللّٰہ کی ہے) سے ہوتا ہے، یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشتگردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔