ویب ڈیسک : یوٹیوب میں رواں سال کے دوران ویڈیوز کے مواد کا آئیڈیا دینے اور زبانوں کا ترجمہ کرنے والے اے آئی ٹولز متعارف کرائے جائیں گے ۔
یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے اپنے سالانہ خط میں صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ 2025 میں اے آئی ٹیکنالوجی کمپنی کی 4 بڑی ترجیحات میں سے ایک ہے،کمپنی کی جانب سے کریٹیرز کے لیے اے آئی ٹولز پر بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے، جیسے صارفین کو ویڈیوز کے مواد کا آئیڈیا دینے، اچھے تھمب نیلز کے انتخاب میں مدد فراہم کرنے اور زبانوں کا ترجمہ کرنے والے جیسے اے آئی ٹولز متعارف کرائے جائیں گے۔
یہاں صارفین کے لیے اہم بات یہ ہے کہ ٹرانسلیشن (زبانوں کا ترجمہ کرنے) والا فیچر ان تمام صارفین کو دستیاب ہوگا جو یوٹیوب کے پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں اور اسے فروری میں ہی کسی وقت متعارف کرا دیا جائے گا۔ کمپنی نے بتایا کہ مختلف اے آئی ٹولز کریٹیرز کو نئے ناظرین تک رسائی میں مدد فراہم کریں گے جن میں آٹو ڈبنگ قابل ذکر ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی ویڈیوز کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کرسکتے ہیں۔ اس فیچر کے متعلق اپنے خط میں نیل موہن نے کہا کہ یہ فیچر فروری میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق ایک اور اے آئی فیچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو صارفین کی عمروں کی شناخت کرکے اس کے مطابق مناسب مواد کی سفارشات کرے گا۔ اسی طرح کمپنی کی جانب سے ایسے ٹولز پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو یہ دیکھنے اور کنٹرول کرنے کا کام کریں گے کہ یوٹیوب پر اے آئی کو کیسے استعمال کیا جا رہا ہے۔