عرفان ملک:لاہور میں پتنگ بازوں کے خلاف لاہور پولیس نے شکنجہ سخت کرلیا ہے۔ تازہ کارروائیوں میں 19 ہزار پتنگیں ضبط کرکے 372 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 380 گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ 34 سپلائر بھی زیر حراست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آن لائن پتنگیں بیچنے والے گروہوں سمیت 34 بڑے سپلائر پکڑے گئے۔پتنگیں بنانے والے 16 کارخانے بھی پکڑے گئے۔ہزاروں کی تعداد میں پتنگیں بنانے کا خام مال بھی قبضہ میں لیا گیا۔40 روز میں 372 مقدمات درج کرکے 380 گرفتاریاں ہوئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ 19ہزار سے زائد پتنگیں،سینکڑوں چرخیاں برآمد کی گئیں۔سٹی ڈویژن میں 78،کینٹ 123،سول لائنز میں 21 ملزمان گرفتار ہوئے۔صدرڈویژن میں 22، اقبال ٹاؤن 49، ماڈل ٹاؤن میں 79 ملزمان گرفتار ہوئے۔
فیصل کامران کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بنانا، بیچنا، اڑانا یا ترسیل کرنا ناقابل ضمانت جرم ہے. پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3سے 5 سال جیل ہو سکتی ہے۔شوق میں اڑائی گئی پتنگ کسی کا گلا کاٹ سکتی ہے۔اپنی چھتوں کو پتنگ بازی کےلیے استعمال نہ ہونے دیں۔بچوں کو پتنگ بازی سے روکنا والدین کی ذمہ داری ہے۔