عام انتخابات 2024 : 12 خواتین نے انتہائی مضبوط سیاسی حریف مردوں کو پچھاڑ کر  قومی اسمبلی میں اپنی جگہ بنائی

 عام انتخابات 2024 : 12 خواتین نے انتہائی مضبوط سیاسی حریف مردوں کو پچھاڑ کر  قومی اسمبلی میں اپنی جگہ بنائی
سورس: google

سٹی 42 : عام انتخابات 2024 پاکستانی تاریخ میں اہم سنگ میل کی چیثیت رکھتا ہے، ملک میں نا مساعد حالات کے باوجود سیکیورٹی اداروں نے   جمہوری عمل کی روانی کیلئے پرامن ماحول فراہم کیا ، اس انتخاب کی بہت سی دوسری خوبیاں بھی ہیں جس کے باعث یہ دنیا بھر کے میڈیا  کی شہ سرخیوں میں ہے البتہ دلچسپ  خبریہ بھی ہے کہ اس انتخاب میں 12 خواتین نے انتہائی مضبوط سیاسی حریف مردوں کو پچھاڑ کر  قومی اسمبلی میں اپنی جگہ بنائی ہے اور حیران کن طور پر متعدد خواتین کا یہ پہلاالیکشن تھا۔ 

 تفصیلات کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں 4 سیاسی پارٹیوں کی 12 خواتین  نے اپنے مدمقابل مضبوط مرد اُمیدواروں کو شکست دے کر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی ہیں،منتخب  امیدواروں میں  5 خواتین پی ٹی آئی  کی حمایت یافتہ  تھی جنہوں نے آزادحیثیت میں الیکشن لڑا ، 4 کا تعلق مسلم لیگ ن سے ، 2 پیپلز پارٹی اور ایک کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے،مریم نواز سمیت 4 خواتین پہلی  بار  قومی اسمبلی کا حصہ بنی ہیں ، ان میں انیقہ بھٹی، عائشہ جٹ اور عمبر نیازی  شامل ہیں ۔

  الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق پشاور سے شاندانہ گلزار، حافظ آباد سے انیقہ مہدی بھٹی، وہاڑی سے عائشہ نذیر جٹ، لیہ سے عنبر مجید نیازی اور ڈیرہ غازی خان سے زرتاج گل سخت مقابلے کے بعد کامیاب ہوئی ہیں، پانچوں خواتین پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ہیں ، ن لیگ سے تعلق رکھنے والی خواتین سیالکوٹ سے نوشین افتخار، لاہور سے مریم نواز، ننکانہ صاحب سے شذرہ منصب اور وہاڑی سے تہمینہ دولتانہ مخالف امیدواروں کو شکست دے کر ایوان میں پہنچی ہیں۔ 

 سندھ میں بھی تین خواتین نے مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی ہے جن میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی شازیہ مری نے سانگھڑ اور نفیسہ شاہ نے خیر پور سے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ایم کیو ایم کی آسیہ اسحاق نے کراچی میں کامیابی حاصل کی ہے۔