احتیاط کریں، پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال جان لیوا ہوسکتا ہے

احتیاط کریں، پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال جان لیوا ہوسکتا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمران یونس ) شہر میں کھانے پینے کے مراکز میں نان فوڈ گریڈ پلاسٹک، پولی تھین، مٹی اور سٹیل برتنوں کے ذریعے کھانے کی فروخت نہ رک سکی، متعلقہ اداروں کی ٹریننگ اور جرمانوں کے باوجود جس کا جہاں داؤ لگتا ہے وہ لگا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہریوں کو معیاری غذا کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو سال قبل کھانے پینے کے مراکز خصوصا دہی بھلے اور فروٹ چاٹ کی دکانوں پر تھرماپول، نان فوڈ گریڈ پلاسٹک، پولی تھین، مٹی اور سٹیل برتنوں کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی، اس حوالے سے فوڈ ورکرز کو ٹریننگ بھی کرائی گئی لیکن دکاندار سننے کو تیار نہیں ہیں، فوڈ پوائنٹس پر تمام ممنوعہ چیزوں کا استعمال جاری ہے۔

دکانداروں کے مطابق مہنگائی کے باعث کاروبار ٹھپ ہے ایسی احتیاط کریں گے تو کام بند ہوجائے گا۔ دکانداروں نے سارا ملبہ مہنگائی پر ڈال دیا لیکن گاہکوں کے مطابق وہ پیسے معیاری کھانے کے فراہم کرتے ہیں بیماریوں کے نہیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کھانے پینے کے مراکز پر صرف فوڈ گریڈ کے حامل پلاسٹک کے برتنوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے، خلاف ورزی پر جرمانے جاری ہیں، جبکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نان فوڈ گریڈ برتنوں کا بار بار استعمال ٹی بی، ڈائیریا اور ہیپاٹائٹس جیسے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔