ویب ڈیسک :بھارت میں امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے لیے آنے والوں کے سیاحتی ویزے اب مسترد ہوں گے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق امریکی نظام کا غلط استعمال کرنے کی نیت سے ٹورسٹ ویزا لینے والوں کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بھارت میں امریکی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار کے بارے میں یہ تاثر ہو کہ وہ امریکا میں بچے کی پیدائش کے لیے سفر کر رہا ہے تاکہ نوزائیدہ بچےکو امریکی شہریت دلائی جا سکے تو اس کی ویزا درخواست کو منظور نہیں کیا جائے گا۔
U.S. consular officers will deny tourist visa applications if they believe the primary purpose of travel is to give birth in the United States to obtain U.S. citizenship for the child. This is not permitted. pic.twitter.com/Xyq4lkK6V8
— U.S. Embassy India (@USAndIndia) December 11, 2025
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ سفر کا بنیادی مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کے اسے امریکی شہریت دلانا ہے تو ٹورسٹ ویزا کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ اس عمل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
امریکا نے سوشل میڈیا اور آن لائن موجودگی کی اضافی جانچ کو بھی وسعت دے دی ہے جو اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا رکھنے والوں اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت میں متعدد ویزا درخواست گزاروں کو یہ اطلاع ملی کہ ان کی ویزا اپائنٹمنٹس ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے ہی دن امریکا میں پیدائش پر شہریت ملنے کے قانون کو منسوخ کردیا تھا تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا تھا۔