عثمان خادم:شہر میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، دکاندار مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کرنے میں مصروف ہیں۔
سرکاری نرخ نامے میں مقرر کردہ قیمتوں کے برعکس مختلف سبزیاں اور پھل زائد نرخوں پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں ہونے کے باوجود دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مارکیٹ میں پیاز 150 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ٹماٹر 220 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
اسی طرح دیسی لہسن 165 روپے کے بجائے 250 روپے، ادرک 345 روپے کے بجائے 450 روپے اور شملہ مرچ 300 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ چیکو 200 روپے کے بجائے 280 روپے فی کلو، کیلا 210 روپے کے بجائے 250 روپے فی درجن، آم چونسہ لیٹ 310 روپے کے بجائے 450 روپے فی کلو جبکہ ناشپاتی 260 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ صرف کاغذوں تک محدود رہنے کے بجائے عملی طور پر مارکیٹ میں نافذ ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو مہنگائی اور من مانی قیمتوں سے ریلیف مل سکے۔