ثمرا فاطمہ: سال 2026 کا نایاب سورج گرہن آج ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا کیونکہ سورج گرہن کے تمام اہم مراحل کے دوران ملک میں رات کا وقت ہوگا۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل سورج گرہن رات 9 بج کر 58 منٹ پر شروع ہوگا۔ سورج گرہن رات 10 بج کر 46 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا اور رات 11 بج کر 34 منٹ پر مکمل طور پر اختتام پذیر ہوگا۔
مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس اور اسپین کے بعض علاقوں میں دیکھا جا سکے گا، جبکہ شمالی امریکا، کینیڈا، یورپ اور شمال مغربی افریقہ میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔
ماہرین کے مطابق یورپ اور افریقہ کے مغربی علاقوں میں غروبِ آفتاب کے ساتھ سورج گرہن کا منفرد اور دلکش منظر بھی دیکھنے کو ملے گا۔