ویب ڈیسک : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی وائرل ویڈیو پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں وہ موٹر سائیکل پر سواری کے دوران رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
شنیرا اکرم نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس طرزِ عمل کو "انتہائی خوفناک" قرار دیا اور کہا کہ بطور سلیبرٹی اور انفلوئنسر، ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہمیں لاکھوں افراد فالو کرتے ہیں، اور ہمارے اقدامات کا دوسروں پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ شنیرا اکرم نے تمام انفلوئنسرز اور عوامی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ اپنی حرکات سے نوجوانوں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نظر آنے والے اسٹنٹس کی نقالی کرتے ہوئے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، اور ایسا رویہ کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، اور ہمیں اپنے فالوورز کی رہنمائی ذمہ داری کے ساتھ کرنی چاہیے۔اپنے پیغام میں شنیرا اکرم نے تمام شہریوں کو موٹر سائیکل چلانے کے دوران احتیاط برتنے اور لازمی ہیلمٹ پہننے کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے لیے نہیں تو کم از کم اپنے والدین، رشتہ داروں اور اُن لوگوں کی خاطر احتیاط کریں جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔ آپ کی ایک چھوٹی سی غلطی ان کے لیے زندگی بھر کا پچھتاوا بن سکتی ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ ہانیہ عامر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر رقص کرتی نظر آ رہی تھیں۔ اس ویڈیو کو کئی صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور شنیرا اکرم کا یہ ردعمل اسی ویڈیو کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔