ابوبکر ارشد:شہر میں سوئی گیس کی قلت نے شدت اختیار کر لی ہے، جہاں حکومت کی جانب سے مقررہ اوقات کار میں بھی گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کا رجحان ایل پی جی کے استعمال کی جانب بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں اس کے نرخ بھی آسمان کو چھونے لگے ہیں۔ مارکیٹ میں ایل پی جی گیس 490 سے 520 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک طرف سوئی گیس کے باقاعدہ بل ادا کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب مجبوری کے تحت مہنگی ایل پی جی بھی خریدنا پڑ رہی ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ سفید پوش طبقہ اس صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے اور ان کی داد رسی کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جا رہا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔