(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن )کے صدر اور ملک کے 23 ویں نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف اپنی فیملی کے ہمراہ وزیر اعظم ہاؤس منتقل ہو گئے۔
اس سے قبل پاکستان کے 23 ویں نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد منگل کی صبح وزیرعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نےگارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ وزیر اعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
نو منتخب وزیراعظم کا گارڈ آف آنر کے معائنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے تعارف کرایا گیا، شہباز شریف نے عملے سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
واضح رہےکہ شہباز شریف گزشتہ روز قومی اسمبلی سے 174ووٹ لے کر پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بیان میں کہنا تھا کہ ہماری ترجیح مہنگائی پر قابو پاکر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگی، ہم سب مل کر پاکستان کو عظیم قوم بنائیں گے جبکہ دیگر ممالک سے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کریں گے۔