عثمان خان: اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملاقات کے لیے بھیجے گئے خط کے جواب کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن چمبر نے وزیراعظم آفس کو بذریعہ ٹیلیفون خط کا جواب دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ 14 تا17 ستمبر ملاقات کیلئے دستیاب ہوں،ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن روم میں ہوسکتی ہے۔
دریں اثنا اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں نے تفصیلی مشاورت کی،محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔
اپوزیشن نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی لائحہ عمل پر غور ہوگا۔