شہباز احمد:ارشد ندیم کی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ناکامی پر سلمان بٹ نے فیڈریشن کو جواب جمع کرادیا، اتھلیٹکس فیڈریشن نے سلمان بٹ سے ارشدندیم کی ناقص کارکردگی پر جواب طلب کیا تھا۔
سلمان بٹ نے جواب میں ارشد ندیم کے مستقبل کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا، ڈائمنڈ لیگ کے مختلف ایڈیشنز میں ارشد کی عدم شرکت کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔
ارشد ندیم کی ہائی پرفارمنس ٹریننگ کے حوالےسے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کے دوران ہم معروف کوچ ٹریسیس لیبن برگ سے رابطے میں رہے، مجھے 2021 میں ارشد ندیم کا کوچ اور مینٹور مقرر کیا گیا تھا۔
سلمان بٹ نے جواب میں 2022 سے 2025 تک ارشد ندیم کی کارکردگی کا ذکر کیا، کوئی بھی اتھلیٹ تسلسل سے اپنی فارم برقرار نہیں رکھ سکتا، سلمان بٹ نے پیرس اولمپکس کے بعد سے اتھلیٹکس فیڈریشن سے رابطہ نہ ہونے کو تسلیم کیا۔
سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے ایک سال سے خود کو ارشد ندیم کی سرگرمیوں سے الگ رکھا ، جب تک ارشد ندیم چاہیں گے میں ان کی کوچنگ جاری رکھوں گا ،پیرس اولمپکس کے بعد ارشدندیم نے 2025 سیزن کے لیے 10 دسمبر سے ٹریننگ شروع کی۔
سلمان بٹ نے بتایا کہ ٹوکیو کا موسم گرم اور حبس زدہ تھا اور ٹریک بھی سخت تھا،پنڈلی میں درد کی وجہ سے ارشد ندیم ورلڈ اتھلیٹکس فائنل میں بہتر پرفارم نہیں کرسکے ،ڈاکٹر باجوہ نے ارشد ندیم کو فٹ رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی۔