ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کیخلاف دائر درخواست 14 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی ، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے طلب کررکھا ہے۔
جسٹس فاروق حیدر،جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔ عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت صوبائی حکومت پر لازم ہے کہ وہ بلدیاتی حکومت کے نظام کو فعال بنائے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر نمائندگی اور سہولیات میسر آ سکیں۔
لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا رہے جس کے نتیجے میں عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں اور آئینی تقاضے پورے نہیں ہو رہے۔ پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد ادریس رفیق بھٹی کریں گے۔ جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ ڈوگر پیش ہوں گے۔