(انور عباس) پاکستان میں جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا ہے پاکستان اور جرمنی کے درمیان گہرے تعاون اور دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے, جرمنی کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہیں، جرمنی کے اتحاد نے 41 سالہ علیحدگی کو ختم کر کے جرمن عوام ایک متحد قوم بنا دیا ہے۔
جرمن سفیر اینا لیپل 35 ویں جرمن یونیٹی ڈے کے موقع پر عشائیے سے خطاب کر رہی تھیں جس کا آغاز جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا ، عشائیے سے خطاب میں اینا لیپل کا کہنا تھا کہ آج ہم جرمنی کی یونیفیکیشن کے 35 برس مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آج کے روز 35 برس قبل جرمنی دوبارہ متحد ہوا تھا اور یہ معجزہ جرمن عوام کی پر امن جدوجہد سے ممکن بنایا گیا ، پاکستان اور جرمنی کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون موجود ہے ۔
جرمن سفیر نے علامہ اقبال کو مشرق و مغرب کے درمیان ایک پل قرار دیتے ہوئے ان کے جرمنی میں قیام اور اس دوران لکھی گئی نظم ایک شام کا حوالہ بھی دیا جرمن یونٹی ڈے کے عشائیے میں سفارتی, سیاسی, سماجی شخصیات و سفارت کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر بڑی تعداد میں جرمن حکومتی و غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے سٹالز کی نمائش کی گئی۔
عشائیے سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دلی گہرائیوں سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت اور عوام کو اس اہم دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم جرمن اتحاد کے 35 برس مکمل ہونے کی خوشی منا رہے ہیں۔
انھوں نےکہا کہ آج کے دن جرمن عوام قریب آئے اور انہوں نے عظیم یونیفیکیشن سےدنیا کو امید, جوش و جذبے, خواہشوں اور خوابوں کو عملی صورت دینے کا پیغام دیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے جرمنی کے دوبارہ متحد ہونے کی جدوجہد میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں,اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں پاک جرمنی تعلقات مزید بہتر ہوں گے عشائیے میں، جرمنی کی یونیفیکیشن کے حوالے سے دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔