ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عیدالاضحیٰ پر صفائی کے نام پر 23 کروڑ سے زائد کا خطیر ٹینڈر جاری

عیدالاضحیٰ پر صفائی کے نام پر 23 کروڑ سے زائد کا خطیر ٹینڈر جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: لاہور ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں صفائی آپریشن کے لیے 23 کروڑ روپے سے زائد کا خطیر ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عید پر تین روزہ صفائی آپریشن کے لیے بھاری مشینری کرائے پر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر تقریباً 2000 مشینری یونٹس استعمال کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق شہر کے 9 ٹاؤنز میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے گی اور بھاری مشینری تعینات کی جائے گی تاکہ آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جا سکے۔ منصوبے کے تحت 979 ڈمپر، 330 ایکسکیویٹر، 492 ٹرالیاں اور 199 لوڈر کرائے پر لیے جائیں گے۔

ٹاؤن وار تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن کے لیے 6 کروڑ 21 لاکھ روپے میں 274 ڈمپر اور 82 ایکسکیویٹر فراہم کیے جائیں گے۔ نشتر ٹاؤن کے لیے 3 کروڑ 19 لاکھ، سمن آباد کے لیے 2 کروڑ 94 لاکھ اور گلبرگ ٹاؤن کے لیے 2 کروڑ 47 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح راوی ٹاؤن کے لیے 1 کروڑ 19 لاکھ، شالیمار کے لیے 1 کروڑ 96 لاکھ جبکہ واہگہ ٹاؤن کے لیے 1 کروڑ 55 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ڈمپر کا یومیہ کرایہ 1 لاکھ 49 ہزار 743 روپے، ایکسکیویٹر کا 1 لاکھ 44 ہزار 659 روپے، ٹریکٹر لوڈر کا 65 ہزار 837 روپے جبکہ ٹرالی کا یومیہ کرایہ 56 ہزار 667 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ٹھیکیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشینری کے ساتھ ڈرائیور، ہیلپر اور فیول بھی فراہم کریں گے۔ تمام مشینری عید سے ایک رات قبل رات 9 بجے کلیکشن پوائنٹس پر پہنچانا لازمی ہوگا اور روزانہ 16 گھنٹے تک کام کرے گی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ سال عید صفائی آپریشن پر 20 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے تھے جبکہ رواں سال مہنگائی کے باعث یہ اخراجات بڑھ کر 23 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔