علی ساہی:موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم کے بعد صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں اور کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک پولیس نے مختلف خلاف ورزیوں پر 68 لاکھ سے زائد چالان کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبہ بھر میں ڈیجیٹل چالانز کی مد میں 11 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ ای چالانز کی مجموعی مالیت 17 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 11 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے تاحال واجب الادا ہیں۔
سیف سٹیز کی جانب سے جاری کیے گئے ای چالانز کی وصولی سست روی کا شکار ہے، تاہم حکام کے مطابق ای چالانز کی ادائیگی ون ایپ کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 11 لاکھ 19 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا گیا، جبکہ 35 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔ اسی دوران ساڑھے 34 ہزار سے زائد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر تین ہزار سے زائد پولیس اور دیگر سرکاری گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، جسے قانون کے یکساں نفاذ کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔