ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں اراضی کے معاوضوں کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور منظم بنانے کے لیے نیا طریقہ کار نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام ادائیگیاں مخصوص مالیاتی قواعد کے مطابق کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے لینڈ ایکوزیشن کمپنسیشن کی ادائیگیوں کا نیا طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت معاوضوں کی ادائیگیاں براہ راست کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے ٹرانسفر انٹری کے ذریعے کی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم پہلے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی اور بعد ازاں وہاں سے متعلقہ مالکان کو ادائیگی ہوگی۔ اراضی مالکان کو معاوضہ صرف اس وقت جاری کیا جائے گا جب تمام بلز اور واؤچرز باقاعدہ طور پر منظور ہو جائیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگی سے قبل تمام قانونی اور مالی تقاضے مکمل کیے جائیں۔ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ادائیگیوں کا پورا عمل ایم پی جی سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔
اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مالی لین دین کی منظوری، ریکارڈنگ اور تصدیق لازمی طور پر مکمل کی جائے۔ خزانہ عملہ متعلقہ دستاویزات کی جانچ کے بعد ہی ادائیگی جاری کرے گا۔