اشرف خان :ملک میں ایل پی جی کی قلت سے متعلق افواہوں کے درمیان حکومت نے فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں جبکہ غیر قانونی طور پر قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں بلا جواز اضافے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملک بھر میں ایل پی جی مہنگی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ اور مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی فراہمی بڑھانے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کے بعد چار بحری جہاز ایل پی جی لے کر ملک پہنچ گئے ہیں جس کے بعد ایل پی جی کی قلت کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق کراچی میں نیویگیٹر اٹلانٹک بحری جہاز سے تقریباً 12 ہزار ٹن ایل پی جی ڈسچارج کر دی گئی ہے۔ اسی طرح نیویگیٹر ایریز اس وقت ایس ایس جی سی ٹرمینل پر موجود ہے جہاں سے تقریباً 11 ہزار ٹن ایل پی جی حاصل کی جائے گی۔
اس کے علاوہ السواٹر نامی بحری جہاز تقریباً 3 ہزار 700 ٹن ایل پی جی کے ساتھ بندرگاہ کے باہر ڈسچارجنگ کے انتظار میں ہے جبکہ ایم ڈی 23 نامی جہاز 3 ہزار 500 ٹن ایل پی جی ڈسچارج کرنے کے بعد بندرگاہ کے باہر موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے بعد ملک میں ایل پی جی کی سپلائی مزید بہتر ہو جائے گی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے یا قیمتیں بڑھانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔