علی ساہی:یومِ علیؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں نکالے جانے والے جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس کو سخت انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ پلان کے مطابق ڈیوٹیاں لگائیں اور ٹریفک نظام کو مؤثر انداز میں برقرار رکھیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق مرکزی جلوسوں کے مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کو الرٹ رکھا جائے اور جلوس کے راستوں پر مکمل ڈائیورشن کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ زائرین اور جلوس کے شرکاء کی گاڑیوں کے لیے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں، جبکہ جلوس کے راستوں پر لفٹرز اور بریک ڈاؤن گاڑیوں کو بھی الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں برآمد ہونے والے جلوسوں کے دوران ٹریفک پولیس کی نمایاں موجودگی یقینی بنائی جائے گی اور اہلکار سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر جلوس کے روٹس کی مسلسل نگرانی کریں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید ہدایت کی کہ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔