ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات نے بارش و برفباری کی نوید سنا دی

محکمہ موسمیات نے بارش و برفباری کی نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  ملک کے بیشتر علاقوں میں   گرج چمک اور  تیز ہواوں کے ساتھ بارش  جبکہ  پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے۔

شہر لاہور میں موسم میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں، سورج کرنیں بکھیرنے لگا ہے  جبکہ شہر کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے شہر میں بارشوں کا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے جو 12 سے 16 مارچ تک وقفے وقفے سے بارشیں برسائے گا  تاہم آج لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ شہر کی فضائی آلودگی کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 162 ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور  آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 186 ریکارڈ کی گئی، یو سی پی میں 184، اور اڈا پلاٹ میں 163 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں گرمی کی شدت برقرار رہنے  سے آج بھی موسم  گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ  جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔  شہر میں شمال مغرب سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 75 فیصد کے درمیان ہے۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے کراچی کا معیار بدستور خراب ہے اور شہر کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 173 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو صحت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کوئٹہ شہر اور اس کے گرد نواح میں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوئی ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق  خیبرپختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر اور بالائی خیبر پختونحوا میں چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

 پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین ، سرگودھا ، میانوالی ، خوشاب، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی  موسم خشک اور بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام ، مانسہرہ،ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مردان ، بونیر، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر اور وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چاغی، کوئٹہ ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش، برفباری ہو سکتی ہے۔