ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن کی جانب سے روکنے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے لوئر دیر جلسہ میں شرکت کی اور عوامی اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس بھیج دیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو بھی نوٹس بھیجا ۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر مراد سعید اور انور زیب کو بھی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 14 مارچ کو خود یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 31 مارچ کو شیڈول ہے۔