درنایاب ;پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (PHA) نے ہارٹی کلچر نظام اور ادارہ جاتی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے مکمل ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس مقصد کے لیے پی ایچ اے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) طے پا گئی ہے۔
منصوبے کے تحت ایک مرکزی ڈیجیٹل پورٹل قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے ہیومن ریسورس، ہارٹی کلچر اور دیگر انتظامی امور کی مسلسل نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل پورٹل میں پی ایچ اے ملازمین، سرکاری مشینری اور دستیاب وسائل کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جبکہ سرکاری مشینری اور وسائل کی نگرانی کے لیے جدید آن لائن ٹریکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ پورٹل کو فعال اور مؤثر رکھنے کے لیے تمام معلومات کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ ادارے کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل کا بنیادی مقصد ہارٹی کلچر کے نظام کو جدید، مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تمام ضلعی دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ ایک ہی پلیٹ فارم پر لیا جا سکے گا، جبکہ مانیٹرنگ کے جدید نظام سے شفافیت، جوابدہی اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
پی ایچ اے حکام کے مطابق یہ اقدام ادارے کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے عوامی خدمات کی فراہمی اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔