ویب ڈیسک: معروف یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر اپنی دولت کی نمائش کے باعث تنقید کا نشانہ بن گئے۔
رجب بٹ کی بھانجی آیت زہرا کے عقیقے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں دولت کی نمائش اورپیسوں کو پیروں تلے روندنے کے مناظر نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ۔
عقیقہ کی تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رجب بٹ، ان کی اہلیہ ایمان اور دیگر فیملی ممبرز ننھی بچی پر پیسے برسا رہے تھے اورنوٹ پیروں تلے روندے جارہے تھے جس پر صارفین غصے سے پھٹ پڑے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے کو پیسوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے رجب بٹ اور ان کی فیملی کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ایک صارف نے لکھا’’اگر یہ پیسہ حلال کا ہوتا تو اس طرح اڑایا نہیں جاتا۔‘‘ دوسرے صارف نے کہا’’یہ عقیقہ نہیں بلکہ محض ایک تماشا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی دولت کی نمائش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
عوام کی بڑی تعداد نے اسے پیسوں کی توہین اور غریبوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب رجب بٹ اپنی دولت کی نمائش پر تنقید کا نشانہ بنے ہیں،ماضی میں بھی وہ اپنی مہنگی گاڑیوں، گھروں اور شاپنگ کی ویڈیوز کی وجہ سے بحث کا موضوع بنتے رہے ہیں۔