لاک ڈاؤن نے لیسکو کے بجلی چور عملے کا بھانڈا پھوڑ دیا

لاک ڈاؤن نے لیسکو کے بجلی چور عملے کا بھانڈا پھوڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم ) لیسکو نے لاک ڈاؤن کے دوران بجلی چوری کو چھپانے کے لیے اربوں روپے کی زائد بلنگ کردی، منقطع ہونے والے کنکشنز کو دو ارب پچہتر کروڑ روپے کی اضافی بلنگ سے ڈیڈ ڈیفالٹرز کی رقم چودہ ارب کے قریب جا پہنچی۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے کمرشل و صنعتی سیکٹر میں بجلی بند تھی، اس طرح کمرشل و صنعتی سیکٹر میں بجلی استعمال نہ ہونے کی وجہ سے لیسکو کے لائن لاسز میں اضافہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق کمپنی کی متعدد انڈسٹریل ڈویژنز کے لائن لاسز میں گیارہ سے سولہ فیصد اضافہ ہوا، اضافے کے بعد لیسکو نے تین سال کے بعد سی پی اٹھاسی کا سہارا لیا۔

سی پی اٹھاسی کے تحت منقطع ہونے والے صارفین کے کنکشنز کو اضافی یونٹس ڈال دیئے۔ مختلف سب ڈویژنز میں یونیورسل حوالہ نمبرز پر بھی اضافی یونٹس چارج کیے گئے۔ دستاویزات کے مطابق منقطع ہونے والے کنکشنز پر اضافی یونٹس ڈالنے کی وجہ سے ڈیڈ ڈیفالٹرز کی رقم بڑھ گئی۔

کمپنی کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے ذمہ تیرہ ارب پچھہتر کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ کمپنی کی ڈیڈ ڈیفالٹرز رقم گیارہ ارب سے بڑھ کر تیرہ ارب پچھہتر کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے۔ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع ہونے کے باوجود اضافی بل چارج کیے گئے۔

دوسری جانب شہر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لیسکو کے مزید تین دفاتر کو سیل کر دیا گیا ہے، لیسکو ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے پر دفاتر کو سیل کیا گیا ہے۔ شہر میں لیسکو کے مجموعی طور پر چھ دفاتر کو سیل کیا گیا جن میں ایئر لائن سب ڈویژن اور واپڈا ٹاون سب ڈویژن کے دفاتر شامل ہیں۔

اسی طرح نشتر کالونی سب ڈویژن کے دفتر کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے ملازمین کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا جبکہ بعض ملازمین نے اپنے آپ کو گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔