ابوبکر ارشد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف ملی رکشہ یونین نے لاہور کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور حکومت سے قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے شاہدرہ، راوی روڈ، آزادی چوک، بھٹہ چوک، جین مندر اور شہر کے دیگر مقامات پر کیے گئے، جہاں رکشہ ڈرائیوروں نے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ رکشہ ڈرائیوروں کے روزگار پر براہِ راست منفی اثر ڈال رہا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے یومیہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، جس کے باعث ہزاروں ڈرائیور شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
احتجاج میں شریک افراد نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے مہنگائی کا ایک اور بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ رکشہ ڈرائیوروں اور عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔