ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف کو انٹیلی جنس بیورو کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی۔ آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل فواد اسداللہ خان نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔
وزیراعظم نے انٹیلی جنس بیورو کی ایک سال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ملکی اور غیرملکی عناصر سے خطرات کے مقابلے میں آئی بی کا کردار قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں آئی بی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم بننے کے بعد آئی بی کو قومی مفادات کے حوالے سے اضافی ٹاسک سونپے جو اس نے کامیابی سے حاصل کئے۔ ملک کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک اور انسداد دہشت گردی میں آئی بی نے فعال کردار ادا کیا۔ بروقت اطلاعات کی فراہمی سے درست فیصلہ سازی میں بھی آئی بی کا شاندار کردار رہا۔
وزیراعظم نے فواد اسداللہ کی پیشہ وارانہ قابلیت اور ادارے کو بہتر بنانے کی کاوشوں کی سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی غیرمعمولی کامیابیاں قابل فخر ہیں۔ انہوں نے آئی بی کے افسران اور عملے کو شاباش دی اور آئی بی کے شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ اور سلامتی کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے شہداءپر قوم کو فخر ہے۔
فواد اسداللہ خان نے وزیراعظم کے آئی بی پر اعتماد اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔
واضح رہے کہ آئی بی ملک کی سب سے پرانی اور بڑی سویلین انٹیلی جنس ایجنسی ہے.