ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہر میں گرج چمک کیساتھ بارش، موسم خوشگوار

شہر میں گرج چمک کیساتھ بارش، موسم خوشگوار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فخر امام ) لاہور میں تیز ہواؤں کے بعد بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ریکارڈ بارشیں ہونگی۔

مون سون کی آمد برسات کے ساتھ شہر میں تیز ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ بارش سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز یعنی سوموار تک گرج چمک کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس سے درجہ حرارت اور گرمی میں کمی واقع ہوگی۔

شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہری بارش کی دعائیں مانگ رہے تھے خدا نے اپنے بندوں کی سن لی تیز بارش اور ٹھنڈی ہوائیں ایسی چلیں کہ دیکھتے ہی دیکھتے لاہور مری بن گیا۔ لاہوریے موسلا دھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا مزا لیتے رہے۔

تیز بارش کے باعث لیسکو کے ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے  کی وجہ سے اسلام پورہ، مزنگ، گجر پورہ، مناواں، ڈیفنس، جوہر ٹاؤن، اچھرہ، اقبال ٹاؤن، کینال، شاہدرہ، گرین ٹاؤن، گڑھی شاہو سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی بندش کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاہے، تاہم بارش کا سلسلہ تھم جانے پر بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔  

بارش سے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، شہری بارش میں سڑکوں پر گھومتے رہے اور گاڑیوں میں بیٹھ کر گرج چمک اور بارش کا نظارہ کرتے رہے۔ تیز بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر یش کرنے لگیں ہیں جبکہ نکاسی اب کے ناقص انتظامات کی قلعی کھل گئی۔