سٹی 42 : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، رواں سال اسپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز ہوجائے گا، میرا کام سڑکیں بنانا، ٹرانسپورٹ، اسپتال بنانا نہیں، میں وہ بھی کر رہی ہوں۔ خواتین کا کام صرف گھر کے کام نہیں، عورت وزیر اعلیٰ بن سکتی ہے اور وزیر اعلیٰ بن کر مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں کھیلتا پنجاب گیمز کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، کہا کہ عورت ملک، صوبہ، پارلیمنٹ، وزارت، انسداد دہشتگردی اور پولیس کا شعبہ بھی چلا سکتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ بنا رہے ہیں، صوبے میں خواتین کیخلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، لڑکیاں کبڈی، ٹینس، ہاکی، فٹبال، کرکٹ، کراٹے، سوئمنگ سمیت ہر کھیل، کھیل سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں نے جس طرح میرا استقبال کیا اس پر شکریہ ادا کرتی ہوں، وزیر کھیل اور وزارت کھیل کو شاباش، بچوں کو موبائل اسکرین سے ہٹا کر میدان میں لائے، 3 ہزار سے زیادہ پنک گیمز کے شرکاء ہر تحصیل سے جیت کر یہاں آئے ہیں۔ کوئی کہے کہ خواتین کا کام گھر سے باہر نکلنا نہیں، اس پر کان مت دھرنا، خواتین گھر کا کام بھی کرتی ہیں اور باہر سے بھی جیت کر آتی ہیں، ملکی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ کو چیلنجز کا سامنا ہو تو گھبرانا نہیں، آپ کی وزیر اعلیٰ ساتھ ہوگی، چاہتی ہوں بیٹیاں کھیل کے مقابلوں میں بیٹوں کو ٹف ٹائم دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء کو 2 کروڑ روپے بطور انعام دے رہی ہوں، ہونہار اسکالر شپس میں 60 فیصد اسکالرشپ جیتنے والی لڑکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے بسنت کے تین دنوں میں قانون کو فالو کرنے کے ریکارڈ قائم کیے، بسنت کے دوران ایک ایسی موٹر سائیکل نظر نہیں آئی جس نے راڈ نہ لگائی ہو۔