(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست بنگلورو کے علاقے تھانی سندرا میں اسکول بس نے کھڑی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ،حادثے میں ایک پولیس کانسٹیبل کی2سالہ بیٹی اور4 سالہ بھتیجی جاں بحق ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح شمالی بنگلورو کے علاقے تھانی سندرا میں ایک المناک سڑک حادثے میں دو کمسن بچیاں جان کی بازی ہار گئیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجے ہینر (Hennur) ٹریفک پولیس اسٹیشن کے علاقے میں واقع پولیس کوارٹرز کے قریب پیش آیا۔حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالی بچیوں کی شناخت 2 سالہ ورشا اور 4سالہ بھانو کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں بچیاں مسلح ریزرو فورس سے وابستہ کانسٹیبل ناگناگوڈا کی بیٹی اور بھتیجی تھیں۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل ناگناگوڈا اپنی دو پہیہ گاڑی پر دودھ لینے جا رہے تھے اور ان کے ساتھ ان کی بیٹی ورشا اور بڑے بھائی کی بیٹی بھانو بھی بیٹھی ہوئی تھیں۔ اسی دوران ایک اسکول بس موڑ کاٹتے ہوئے ان کی کھڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے باعث دونوں بچیاں سڑک پر گر گئیں، اور بس کا پچھلا پہیہ ان کے اوپر سے گزر گیا۔ حادثے میں دونوں کو شدید چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔کانسٹیبل ناگناگوڈا کو اس حادثے میں معمولی چوٹیں آئیں۔ بعد میں دونوں بچیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے یلہنکا گورنمنٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ٹریفک پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔