ملک اشرف : سی ایس ایس کے سال 2025 کا امتحانی شیڈول ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ،عدالت نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 فروری کو جواب طلب کرلیا ۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری حمزہ عارف سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس کے سال 2025 کے امتحان کیلئے شیڈول جاری کر دیا ہے، پبلک سروس کمیشن نے ابھی تک سال 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں کیا ،نتائج کا اعلان کیے بغیر نیا امتحان درخواست گزاروں کیساتھ ناانصافی ہے، درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ فوری طور پر 2024 کے امتحان کے نتائج کا اعلان کرنے کا حکم دیا جائے ،مزید استدعا کی گئی کہ عدالت 2024 کے نتائج کے اعلان تک 2025 کے سی ایس ایس کے امتحانات کا انعقاد کرنے سے روکنے کا حکم دے۔