ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پتنگ بازی کیلئے نیا نظام, پتنگ، ڈور تیار و فروخت کرنے والوں کی رجسٹریشن ہو گی

پتنگ بازی کیلئے نیا نظام, پتنگ، ڈور تیار و فروخت کرنے والوں کی رجسٹریشن ہو گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:لاہور میں بسنت کی تیاریوں کے ساتھ ہی پتنگ بازی کیلئے نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے, ضلعی انتظامیہ نے پتنگ، ڈور سازوں، فروشوں اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کیلئے 4 کیٹیگریز پر مشتمل سرکاری فارم جاری کر دیے ہیں،  نئے ضابطہ کار کے تحت ہر پتنگ، ڈور اور دکان پر کیو آر کوڈ کی لازمی شرط بھی شامل کی گئی ہے۔ 

ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے تیاریاں شروع کر دی ہیں.

 بسنت سے قبل پتنگ بازی کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے پتنگ اور ڈور تیار کرنے، فروخت کرنے والوں اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے رجسٹریشن کے لیے چار کیٹیگریز کے خصوصی فارم جاری کیے ہیں  پتنگ ساز اور ڈور تیار کرنے والے افراد فارم "اے" کے تحت رجسٹر ہوں گے,رجسٹریشن کے بعد سرکاری سرٹیفکیٹ فارم "بی" کے ساتھ جاری کیا جائے گا، جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا,فارم "بی" میں جاری ہونے والا کیو آر کوڈ پتنگ اور ڈور پر لازمی طور پر چسپاں کیا جائے گا,یہی کوڈ پتنگ و ڈور فروشوں کی دکانوں اور بینرز پر بھی آویزاں ہوگا,دکان کے اندر فارم "بی" کا سرٹیفکیٹ نمایاں جگہ پر لگانا لازم قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے پتنگ اور ڈور کے سائز، میٹریل اور معیار کے لیے سخت ہدایات جاری  کی ہیں ،پتنگ کا سائز 40 انچ سے زائد نہیں ہوگا،"گڈا" کی چوڑائی 30 انچ سے زیادہ نہیں ہو گی،ڈور کاٹن دھاگے سے تیار کی جائے گی،مانجا میں صرف گلو، سادہ رنگ، آٹا اور کمزور شیشہ استعمال کیا جا سکے گا،ڈور کے لیے صرف پنے کی اجازت ہوگی، چرخی کی تیاری ممنوع ہے،تیز مانجا، تندی، دھاتی تار اور کیمیکل مانجا مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔

کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن فارم "سی" اور "ڈی" پر کی جائے گی۔

رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز ڈپٹی کمشنر لاہور کی نگرانی میں بسنت کے انتظامات میں معاونت کریں گی،ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف رجسٹریشن منسوخی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔