عمران یونس: چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے پی سی ہوٹل میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تعلیم، تجارت اور نوجوانوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے ابراہیم حسن مراد کی تعلیمی، سماجی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ دوطرفہ مضبوط تعلقات خطے میں باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور باہمی شراکت داری کے ذریعے دونوں ممالک کے تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔