ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں،حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا :مریم نواز شریف

اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں،حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا :مریم نواز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  راؤ دلشاد :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے والے تمام اقلیتی بہن بھائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار کے مطابق اقلیتوں کی آزادی، مساوی حقوق اور مذہبی تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا پاکستان سب کا وطن ہے اور یہاں ہر شہری اپنے عقیدے کے ساتھ محفوظ اور آزاد ہے۔ اقلیتیں پاکستانی معاشرے کا حسن اور سر کا تاج ہیں، جبکہ ان کی عزت، ناموس، تحفظ اور ترقی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، روزگار اور فلاح و بہبود کے مساوی مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا، جس کے ذریعے اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی 10 ہزار 500 روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو پہلا سکھ میرج ایکٹ 2024 منظور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جس کے تحت "آنند کارج" کو قانونی حیثیت دی گئی، جبکہ طویل عرصے سے زیر التوا ہندو میرج ایکٹ 2017 کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار تک آسان رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ رواں مالی سال ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ اور مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تاریخی گوردواروں، گرجا گھروں اور مندروں کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور یوحنا آباد میں ہنر سکھانے کے لائیو کورسز بھی شروع کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب میں بیساکھی، ہولی، دیوالی، کرسمس اور ایسٹر سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منائے جا رہے ہیں اور اقلیتی کوٹہ سسٹم پر بھی من و عن عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے اور انہیں ہر شعبے میں جائز حصہ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کو ایسے معاشرے کی جانب لے جایا جا رہا ہے جہاں محبت، رواداری اور باہمی احترام ہماری پہچان ہوں، کیونکہ اقلیتیں پاکستان کے دلکش رنگ ہیں اور ان رنگوں کو کبھی ماند نہیں پڑنے دیا جائے گا۔