ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بادل کہاں کہاں برسیں گے ،موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی

بادل کہاں کہاں برسیں گے ،موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  ملک کےبیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے  تاہم خطہ پوٹھوہار ، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔

شہر  لاہور میں صبح سویرے سے ہی حبس اور گرمی نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے،  گرم ہواؤں کے باعث موسم مزید گرم محسوس کیا جا رہا ہے۔ جبکہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو محسوس 39 ڈگری تک جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد اور رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث حبس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو کچھ راحت کی خبر بھی دی ہے۔ آئندہ ہفتے کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے ایک بار پھر خطرناک سطح پر آ گیا ہے۔ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 158 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔

 شہر قائد میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مطلع اس وقت جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کی نوید سنا دی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
شہر میں جنوب مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سوات، دیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے،کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلودرہے گا۔