طاہر جمیل: ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل راوی کا دورہ کیا، جہاں چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر راوی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل 6 لطیف چوک کا معائنہ کیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر راوی نے انہیں تحصیل میں میونسپل سروسز کی فراہمی اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران صفائی کے مؤثر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ نکاسی آب اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلے مین ہولز کو ڈھانپنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (LWMC) کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال ہر صورت بہتر بنائی جائے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بہتر نتائج کے حصول کے لیے باہمی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے۔