اقبال ٹاون (زین مدنی )معروف اداکار نعمان اعجاز نے کورونا وائرس کے حوالے سے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کومنفی اور محبتوں کو مثبت کریں۔
گزشتہ روز نعمان اعجاز نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں نعمان اعجاز اپنے گھر کی چھت پر موجود ہیں۔ نعمان اعجاز نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں ایک عرصے کے بعد اپنے گھر کی چھت پر آیا ہوں اور میرا یقین کیجیے کہ میں یہاں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ آسمان نیلا اور صاف ہے، دور دور تک سب کچھ صاف نظر آرہا ہے کیونکہ فضا میں آلودگی، گرد غبار، دھواں کچھ بھی نہیں ہے اور میں نے اتنا نیلا آسمان بھی بڑے عرصے کے بعد دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس ویڈیو کے ذریعے میں ایک بات کہنا چاہوں گا کہ ہماری زندگی میں بہت ساری ایسی چیزیں ہیں جن کے لیے ہم اللہ کا شکر ادا نہیں کرتے جیسے گھر، فیملی، کھانا، دوست، عزیز و اقارب وغیرہ۔
?
نعمان اعجاز نے کہا کہ سب ہم پر اللہ کی رحمتیں ہیں اور اگر ہم شکر ادا کرنے پر آئیں تو ہم ہر لمحے کے بعد اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور ہمیں اس کا شکر ادا کرنا بھی چاہیے۔
اداکار نے کہا کہ اللہ تعالی کا کروڑوں مرتبہ شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے ہمیں اِن سب نعمتوں سے نواز انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کو منفی کیجیے اور محبتوں کو مثبت کیجیے، احساس کو مثبت کیجیے اور ایک دوسرے کے لیے مثبت ہوجائیے۔