حافظ شہبازعلی: پاکستان کرکٹ ٹیم کا کلین سویپ سے بچنے کا مشن ناکام، سری لنکا کے ہاتھوں وائٹ واش، تیسرے اور آخری معرکے میں بھی شاہینوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، شائقین کپتان سرفراز کی کارگردگی پر پھٹ پڑے۔
مہمان ٹیم سری لنکا کا مشن کلیم سویپ کامیاب ہوگیا، شاہینوں کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آخری ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13رنز سے شکست دی۔ 148 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بناسکی، حارث سہیل کے 52 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکے، فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم 27 رنز بنا کر کمارا کا شکار بنے، کپتان سرفراز احمد بھی 17 رنز پر ہمت ہار گئے۔
عماد وسیم 3 اور آصف علی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ سری لنکن کرکٹر ونیندو ہسارنگا کو دیا گیا، شاہینوں کی ہار پر شائقین شدید مایوس دکھائی دیے۔ شائقین نے کہا کہ سرفراز الیون کی ناقص پرفارمنس نے پی سی بی کی کارگردگی کا پول کھول دیا ہے، شائقین نے کپتان سرفراز کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔