حقائق سے پردہ اُٹھے گا تو پتہ چلے گا کہ۔۔۔حمزہ شہباز نے بڑی بات کہہ دی

حقائق سے پردہ اُٹھے گا تو پتہ چلے گا کہ۔۔۔حمزہ شہباز نے بڑی بات کہہ دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان جعلی مینڈیٹ کی پیداوار ہیں ، عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم نہیں بنے۔حقائق سے پردہ اُٹھے گا تو پتہ چلے گا کہ عوام کا وزیراعظم کون ہے؟

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا  کہ  شہباز شریف کی گرفتاری پر لیگی قیادت اور ایم پی ایز کھلے آسمان تلے ظلم کیخلاف کھڑے ہیں۔ شہباز شریف نے دن رات صوبے کی خدمت کی، شہباز شریف نے اپنی صحت کو دائو پر لگا کر ملکی ترقی کیلئے کام کیا۔انہوں نے ملک کے اربوں روپے بچائے ہیں۔ شہباز شریف کل بھی عوام کے دل میں بستے تھے اور آج بھی۔

حمزہ شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کے خوب نشتر برسائے، کہتے ہیں کہ نیازی صاحب نے زندگی میں کبھی سچ بولنے کی ہمت نہیں کی۔ خود کو کھلاڑی کہتے ہیں ، سپورٹس مین میں سپرٹ کا دور دور تک کوئی نشان نہیں۔ نیازی صاحب نے نئے پاکستان کی علامت عثمان بزدار کو قرار دیا۔ جس نے 1989 میں قتل کے مقدمے میں دیت دے کر جان چھڑوائی تھی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر اجلاس بلایا گیا تھا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا مرکزی گیٹ سیمنٹ کی بوریوں اور خاردار تاروں کے ذریعے بند کردیا گیا جس پر ارکان اسمبلی نے گو نواز گو اور رو عمران رو کے نعرے لگائے۔

 

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی ترجمان  مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا پنجاب اسمبلی کے باہر رکاوٹیں اور راستے بند کرنے کا اقدام قابل مذمت ہے۔ کسی بھی منفی صورتحال کے ذمہ دار سپیکر پنجاب اسمبلی اور حکومت ہوگی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے  دوسری بار احتجاجی اسمبلی لگائی ہے۔ اس سے قبل گورنر راج کے دوران رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت اسمبلی کی سیڑھیوں میں اجلاس بلایا گیا تھا۔ اس وقت میاں محمد شہباز شریف ریلی کی صورت میں اسمبلی پہنچے تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer