ویب ڈیسک: پی ٹی آئی لانگ مارچ کا وزیر آباد سے دوبارہ آغاز ہوگیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہےکہ حقیقی آزادی کی تحریک رکےگی نہيں اور زور پکڑے گی۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قاتلانہ حملے میں زخمی عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈيو لنک پر مارچ کے شرکا سے خطاب کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انہيں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی ، یہ منصوبہ بندی ستمبرمیں ہوئی تھی، 24 ستمبرکو میں نے کہہ دیا تھا کہ میرے قتل کی منصوبہ بندی ہوئی ہے، ابتسام ہمارا ہیرو ہے جس نے حملے کو ناکام بنایا، معظم کے شہید ہونے پر بہت دکھ ہوا، اس کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو لےکر چل رہے ہیں ،کنٹینر کے فارنزک سے ثابت ہواکہ دو مختلف قسم کی گولیاں لگی ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک رکے گی نہيں اور زور پکڑے گی، انہیں نہیں اسلام آباد والوں کو جلدی ہے، لانگ مارچ کی ٹائمنگ خود طے کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہمیشہ اپنے امپائر کے ساتھ کھیلتے ہیں، انہیں نہیں نواز شریف کو ایمپائر کی ضرورت ہے، ای وی ایم کے بغیر بھی انتخابات ہوئے تب بھی پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت ملےگی۔