سٹی 42 : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دی، مسلح افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پرواہگہ بارڈر پر شاندار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو ایک بار پھر اللہ تعالی کی طرف سے بنیان مرصوص پر دی ہوئی کامیابی پر بہت بہت مبارک ہو ، پوری پاکستانی قوم کو بہت بہت مبارک ہو ۔
آج ہم اس دہلیز پر کھڑے ہیں جہاں سے پاکستان کی حدود شروع ہوتی ہے، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے ، پاک فوج کے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہوں، شہدا ء کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں ۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ محمدنوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، دنیا دیکھتی رہ گئی اور اللہ تعالی کے فضل سے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی امن و سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 25کروڑ پاکستانیوں کی امانت کی حفاظت کی ، دشمن کو ایسا جواب دیا کہ دشمن دیکھتا رہ گیا، آج دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 کروڑ انسان بنیان مرصوص ہیں، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے ، ان بچوں کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے ملک کے لئے اپنے والد کی قربانی دی، میرے بھائیوں اور بہنوں شہید زندہ ہیں، اللہ تعالی نوازشریف، شہبازشریف کو سلامت رکھے۔ اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے ۔