ویب ڈیسک: پاکستانی سینما کے لیے ایک بڑی بین الاقوامی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک سپر ہٹ فلم اب دنیا کی سب سے بڑی فلم مارکیٹوں میں سے ایک میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ پیش رفت پاکستانی فلم انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر و رسوخ کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
معروف ہدایتکار بلال لاشاری اور نامور پروڈیوسر عمارہ حکمت کی کامیاب فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 21 مئی 2026 کو چین کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد پاکستانی شوبز انڈسٹری اور فلمی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے اس پیش رفت کا اعلان اپنے انسٹاگرام پر کیا اور ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ پہلے ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر چکی ہے اور اسے پاکستانی سینما کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کی مقبولیت کی بڑی وجہ اس کی جاندار کہانی، جدید سینماٹوگرافی، شاندار ایکشن مناظر اور اعلیٰ معیار کی پروڈکشن ہے۔
فلم میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک نے مرکزی کردار ادا کیے، جن کی اداکاری کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
فلمی ماہرین کے مطابق چین کا فلم کوٹہ سسٹم دنیا کے سخت ترین نظاموں میں سے ایک ہے، جہاں محدود غیر ملکی فلموں کو ہی ریونیو شیئرنگ کے تحت نمائش کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس فہرست میں اس فلم کا انتخاب پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی مارکیٹ میں اس فلم کی ریلیز نہ صرف پاکستانی سینما کے لیے ایک سنگِ میل ہے بلکہ اس سے مستقبل میں دیگر پاکستانی فلموں کے لیے بھی عالمی دروازے کھل سکتے ہیں۔
شوبز حلقوں نے بلال لاشاری اور عمارہ حکمت کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے عالمی سطح پر شناخت کا اہم قدم ہے۔