ثمرہ فاطمہ:وزارت صنعت و پیداوار اور چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے ایک خصوصی تقریب چیلنج سپیشل اکنامک زون میں منعقد کی گئی، جہاں صنعتی تعاون اور نئی سرمایہ کاری سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی۔
تقریب میں بتایا گیا کہ چیلنج سپیشل اکنامک زون 200 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا کہ چیلنج ٹیکسٹائل گروپ کی پاکستان میں پہلے سے فیکٹریاں موجود ہیں جبکہ آئندہ سال تک مزید دو نئی فیکٹریاں کام شروع کر دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نئی فیکٹریوں میں اگلے برس سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداوار شروع ہو جائے گی، جس سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
صوبائی وزیر کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 8 ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 10 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
تقریب کے دوران آئی بی اے گروپ اور وزارت صنعت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جسے صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔