ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنیان مرصوص — ایمان، قربانی اور فتح کی آہنی دیوار

تحریر۔۔سفیر رضا چغتائی 

بنیان مرصوص — ایمان، قربانی اور فتح کی آہنی دیوار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 قرآن مجید کی عظمت اور افواجِ اسلام کی تاریخ ہمیں بار بار یہ سکھاتی ہے کہ فجر کے وقت کا حملہ صرف ایک عسکری حکمت عملی نہیں بلکہ ایمانی توقیر اور ربانی نصرت کا لمحہ ہوتا ہے۔ ارشادِ ربانی ہے۔”فَالْمُغِیْرٰتِ صُبْحًا“ — قسم ہے ان گھوڑوں کی جو صبح دم حملہ آور ہوتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کے وقت یلغار فرمایا کرتے تھے، اور اسی سنتِ نبوی کی روشنی میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے حالیہ ”آپریشن بنیان المرصوص‘کا آغاز فجر کے وقت کیا — جو صرف عسکری کارروائی نہیں بلکہ ایک روحانی بھی پیغام تھا۔
پاکستان نے بزدل دشمن بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی پہلے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ بھارت کی جارحیت، نفسیاتی جنگ، میڈیا پروپیگنڈا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے باوجود پاکستان نے امن کو ترجیح دی۔ مگر جب دشمن نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے شہری علاقوں پر حملے تیز کر دیے، جب معصوم بچوں، بزرگوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا گیا، تب افواجِ پاکستان نے مکمل تیاری، غیر معمولی جذبہ اور بے مثال حکمتِ عملی کے ساتھ دشمن کو ایسا دندان شکن جواب دیاکہ جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔یہ وہ لمحہ تھا جب پوری قوم بھی اپنی افواج  پاکستان کے ساتھ”سیسہ پلائی ہوئی دیوار“بن کر کھڑی ہو گئی۔
 بنیان مرصوص کا مفہوم ہے‘ ایسی متحد، غیر متزلزل جماعت جو دشمن کی ہر یلغار کے سامنے فولاد بن جائے۔ قرآن کریم اعلان کرتا ہے۔”إِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الَّذِینَ یُقَاتِلُونَ فِی سَبِیلِہِ صَفًّا کَأَنَّہُم بُنیَانٌ مَّرْصُوصٌ“ — اللہ ان سے محبت کرتا ہے جو اس کی راہ میں صف بستہ لڑتے ہیں گویا وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں۔آج۔۔۔ الحمد للہ!!! پاکستان کی مسلح افواج اسی قرآنی فلسفے کا عکاس بن کر دشمن سے برسرپیکار ہیں۔ یہ وہ فوج ہے جس کے سپاہی فجر کے وقت وضو کر کے میدان میں اترتے ہیں اور شہادت کی تمنا ان کی آنکھوں میں چمکتی ہے۔ یہ وہ فوج ہے جو اپنے بازوؤں میں طارق بن زیاد جیسا عزم، صلاح الدین ایوبی جیسا حوصلہ، محمود غزنوی جیسی للکار اور ٹیپو سلطان جیسا غیرت مند دل رکھتی ہے۔جب دشمن نے رافیل طیاروں، براہموس میزائلوں اور ایس-400 دفاعی نظام پر غرور کیا، تو پاکستان کی افواج نے ایک کے بعد ایک تمام دعوے زمین بوس کر دیے۔ آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں بھارت کا دفاعی نظام تباہ ہو چکا تھا، اور دشمن کا غرور خاک میں مل گیا۔
آج  پورے  پاکستان اور کشمیرکے دونوں حصوں کے لوگ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہروں میں ریلیاں، دعائیں، اور نعرے گونج رہے ہیں۔ ہر ماں اپنے بیٹے کو شہادت کی تمنا کے ساتھ پال رہی ہے، نوجوان خود کو رضا کاروں میں پیش کر رہے ہیں، بزرگ نوافل اور صدقات کے ذریعے افواج کی مدد کر رہے ہیں۔ اور لائن آف کنٹرول کے لوگ۔۔۔۔وہ تو ناقابلِ یقین استقامت کی علامت بن چکے ہیں۔ بھارتی گولہ باری کے باوجود وہ اپنے گھروں میں ڈٹے ہوئے ہیں، اپنی زمین پر سینہ سپر ہیں، اور افواجِ پاکستان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔
یقیناً یہ ملک زمین کا ٹکڑا نہیں، یہ ایک نظریہ ہے۔ یہ اسلام کے نام پر قائم ہوا، اسلام کی نصرت سے قائم ہے، اور اسلام کی سر بلندی کیلئے ان شاء اللہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ یہ مملکت خداداد ان اولیاء اللہ کی دعاؤں کی قبولیت ہے جنہوں نے اس خطے کیلئے  اللہ تعالیٰ کے حضور سجدے کئے، یہ قائداعظمؒ کے عزم،علامہ اقبالؒ کے خواب، اور لاکھوں شہداء کی قربانیوں کا حاصل ہے۔ اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر دشمن کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔پاکستان کے عوام، افواج، اور نظریاتی اساس آج پھر سے ایک صفحے پر ہیں۔ یہی اتحاد، ایمان اور قربانی کی وہ مثلث ہے جس کے سامنے کوئی دشمن ٹھہر نہیں سکتا۔ ہم سب ''بنیان مرصوص'' ہیں — ایک ایسا حصار جسے دشمن کی توپیں، ٹیکنالوجی، اور مکاریاں توڑ نہیں سکتیں۔ ان شاء اللہ، پاکستان نہ صرف محفوظ رہے گا بلکہ سربلند ہو کر دشمن کیلئے عبرت کا نشان بنے گا۔