ویب ڈیسک : موجودہ حالات کے پیشِ نظر شہرِ قائد کے پرائیویٹ ہسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا۔
صوبائی سیکرٹری صحت ریحان بلوچ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پرائیویٹ اسپتال طبی امداد فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، سندھ بلڈ ٹرانسفیوزن اتھارٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں بھارتی جارحیت اورممکنہ ڈرون حملے کے پیش نظر تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ ممکنہ ایمرجنسی میں ہونے والے زخمیوں کوکراچی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس ضمن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
صوبائی سیکرٹری صحت ریحان بلوچ کا کہنا ہے کہ کراچی میں ممکنہ جارحیت کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں کے ساتھ پرائیویٹ اسپتالوں کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال میں ایمرجنسی کے بستروں کی تعداد 100 کردی گئی ہے جبکہ ایمرجنسی کے دوران ٹراما سینٹر اور سول اسپتال مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران برنس کیسز بھی رپورٹ ہوتے ہیں اس لئے برنس وارڈ کے ایک سو بستروں کو 130 کردیا ہے۔ اسپتالوں میں ٹینکیل اسٹاف کی تعیناتیاں بھی کردی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ بھی ہائی الرٹ رہیں۔ ممکنہ ایمرجنسی کی صورر میں سندھ بلڈ ٹرانسفیوزن اتھارٹی اور ریجنل بلڈ بینکس کو بھی مکمل ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔