ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام جاری ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ 2، ریجنل انٹرا ڈسٹرکٹ چیلنج کپ، انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹس کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے
بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ان تمام ایونٹس کو ری شیڈول کرنے سے متعلق تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی اور تمام ٹورنامنٹس اسی مرحلے سے دوبارہ شروع ہوں گے جہاں سے انہیں روکا گیا تھا۔
اس سے قبل پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کو بھی ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب ڈومیسٹک سطح پر بھی کرکٹ سرگرمیوں کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں اور متعلقہ عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال میں بہتری کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی۔